حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جزیرہ عرب میں آلِ سعود کے اقتدار کے قیام اور توسیع کی تاریخ کئی ایسے واقعات سے بھری ہوئی ہے جن میں قتلِ عام، لوٹ مار، ظلم و ستم اور عام شہریوں کو بے گھر کیے جانے کی داستانیں ملتی ہیں۔ افق نیوز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں ابراہیم محمد الہمدانی نے اس خاندان کے اقتدار کے ابتدائی دور میں پیش آنے والے واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے حجاز، نجد اور یمن و عراق کے سرحدی علاقوں میں ہونے والے حملوں اور قتل عام کی تفصیلات پیش کی ہیں۔
آلِ سعود نے اپنے اقتدار کو وسعت دینے کے لیے ’’اخوان‘‘ یا ’’اخوان من اطاع اللہ‘‘ نامی مسلح گروہ کی مدد حاصل کی۔ یہ گروہ قبائلی افراد پر مشتمل تھا اور اسے سخت گیر مذہبی نظریات کی بنیاد پر تیار کیا گیا تھا۔ اس سوچ کے تحت مخالف مذہبی نظریات رکھنے والوں کو کافر اور مرتد قرار دیا جاتا اور بعض اوقات ان کی جان و مال پر حملوں کو بھی جائز سمجھا جاتا تھا۔
اس سلسلے کا ایک نمایاں واقعہ 1994ء میں طائف میں پیش آیا، آلِ سعود سے وابستہ مسلح افراد نے شہر پر قبضے کے بعد بڑے پیمانے پر قتلِ عام کیا۔ اس کارروائی میں مرد، خواتین اور بچے بھی نشانہ بنے۔ حملہ آوروں نے گھروں میں داخل ہوکر لوٹ مار کی اور شہریوں کو اپنے گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا۔ نجد اور عراق کے سرحدی علاقوں میں شمر اور ظفیر قبائل پر بھی حملے ہوئے۔ ان کارروائیوں میں قبائلی آبادیوں اور خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے۔
اسی طرح 1920ء میں یمن سے حج کے لیے آنے والے زائرین کے قافلے پر تنومہ کے مقام پر حملہ بھی ایک المناک واقعہ ہے۔ اس حملے میں تقریباً تین ہزار یمنی زائرین جاں بحق ہوئے۔ زائرین نے اپنی جانوں کی حفاظت کے لیے امان طلب کی، لیکن حملہ آوروں نے ان کی درخواست قبول نہیں کی۔
آلِ سعود کی حکومت کے استحکام اور اس کے زیرِ اقتدار علاقوں میں توسیع کے حوالے سے برطانیہ کا کردار کو بھی نمایاں ہے۔ برطانیہ نے مختلف ادوار میں اس خاندان کو سیاسی، فوجی، اقتصادی اور سکیورٹی شعبوں میں مدد فراہم کی۔
اس مضمون میں ماضی کے ان واقعات کے ساتھ یمن کی حالیہ جنگ میں ہونے والے جانی نقصانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ بارہ برسوں کے دوران یمن میں 4 ہزار 365 بچے جاں بحق اور 5 ہزار 578 زخمی ہوئے، جبکہ 2 ہزار 653 خواتین اپنی جانیں گنوا بیٹھیں اور 3 ہزار 351 زخمی ہوئیں۔
طائف، تنومہ اور دیگر علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کو محض تاریخی حادثات سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ان کے ذریعے خطے میں اقتدار کے حصول کے لیے اختیار کیے گئے طریقوں اور عام شہریوں پر مرتب ہونے والے اثرات کو سمجھا جا سکتا ہے۔ ان واقعات کی تاریخی اہمیت آج بھی خطے کے حالات اور جاری تنازعات کے تناظر میں برقرار ہے۔










آپ کا تبصرہ